نئی دہلی 26؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)دہلی ہائی کورٹ نے آج گوشت تاجر معین قریشی سے کہا کہ وجے مالیا کی طرح برتاؤ مت کیجئے۔عدالت نے انہیں نومبر کے وسط تک ہندوستان واپس لوٹنے اور ان کے خلاف درج منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کیلئے ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی۔جسٹس اے کے پاٹھک نے دبئی میں موجود قریشی کی وہ درخواست مسترد کر دی جس ایجنسی کی طرف سے گرفتاری یا کسی تادیبی کارروائی سے 15دن کیلئے عارضی تحفظ کی درخواست کی گئی تھی۔عدالت نے کہاکہ وجے مالیا کی طرح برتاؤ مت کیجئے۔عدالت نے کہاکہ کاروباری وجے مالیا والا رخ مت اپنائیے۔آپ کو پہلے پوچھ گچھ کیلئے پیش ہوناہوگا۔آپ بھارت میں نہیں ہیں۔یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ پیش نہیں ہوناچاہتے۔پہلے آپ ملک واپس جائیں اور پوچھ گچھ میں شامل ہوں۔عدالت نے کہا کہ وہ کسی طرح کا عبوری حکم دینے کے حق میں نہیں ہے۔اس نے کہا کہ وہ قریشی کے خلاف کوئی’’تادیبی اقدامات‘‘اٹھانے سے ایجنسی کو روکنے نہیں جا رہی ہے۔قریشی حال میں ای ڈی کی طرف سے ان کے خلاف جاری لوک آؤٹ ا سکرلر کے باوجود بیرون ملک جانے میں کامیاب رہے تھے۔عدالت نے کہاکہ آپ ان(انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے)کے سامنے پیش ہوں۔آپ کوگرفتار کرنا یا نہیں کرنا ان پر ہے۔میں کچھ نہیں کہنے جا رہا ہوں۔اگر آپ اپنے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں چاہتے تو آپ عبوری ضمانت کیلئے جائیں۔بہر حال عدالت نے ای ڈی کی طرف سے قریشی کے خلاف انہیں حراست میں لینے کے لئے جاری لوک آؤٹ اسکولر پر16نومبر تک روک لگا دی اورانہیں22نومبرکوای ڈی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی۔